ہفتہ 13 جون 2026 - 11:20
اُمت کی یکجہتی کا پیغام لے کر مینارِ پاکستان پر حاضر ہوں: علامہ امین شہیدی

حوزہ/امتِ واحدہ پاکستان کے سربراہ علامہ محمد امین شہیدی نے آج بروز ہفتہ مورخہ 13 جون 2026 کو اتحادِ امت فورم پاکستان کی جانب سے منعقد ہونے والی شہید امت کانفرنس پر خصوصی پیغام دیا ہے۔ کانفرنس میں رہبر انقلابِ اسلامی ایران، شہید سید علی خامنہ ای اور دیگر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے مختلف مکاتب فکر کے علماء، سیاسی رہنما، ملک اور بیرونِ ملک سے ہزاروں افراد شرکت کریں گے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، علامہ امین شہیدی جو اِس عظیم الشان کانفرنس کی کوآرڈینیٹر ٹیم میں شامل ہیں، نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج تشیع کے عروج اور دشمنانِ اسلام کے تنزل کا دور ہے۔ تاریخِ اسلام میں ایسا دور شاید ہی کبھی آیا ہو جب اتنے بڑے عالمی چیلنجز کے مقابلہ میں تشیع نے ثابت کیا ہو کہ تشیع ہی دینِ اسلام کی اصل روح اور طاقت ہے۔ رہبرِ معظم کی عظیم شہادت نے پوری دنیا کے اندر تمام آزاد انسانوں اور مستضعفین کو نئی فکر دی ہے اور ایک نئی شناخت بھی! شہید رہبرِ معظم ایک مرجع، فقیہ اور ایک دور اندیش و با بصیرت رہنما کی حیثیت سے ملتِ اسلامیہ کی سرخ لکیر تھے۔ ان کی شہادت نے پوری دنیا کے انسانوں کو بیداری کی نوید دی ہے۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان بھی اس معاملہ میں باقی دنیا سے الگ نہیں ہے۔ یہاں کے مسلمانوں اور مستضعفین کو اپنے عظیم قائد سے شدید لگاؤ ہے اور محبت بھی، اور جوانان نے اس محبت کا اظہار اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے کیا ہے۔

شہید رہبر کی بارگاہ میں خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے اور ان کی تعلیمات کو مدِنظر رکھتے ہوئے پاکستان کے شہر لاہور میں 13 جون 2026 کو ایک عظیم قومی اور ملی اجتماع کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں مسلمانانِ پاکستان، عالم اسلام اور امت کی وحدت کو در پیش چیلنجز کے حوالہ سے اپنے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں گے۔ مینارِ پاکستان لاہور پر ہونے والی اِس عظیم الشان کانفرنس کے ذریعہ دنیا کو پیغام دیا جائے گا کہ اگرچہ شہیدِ امت سید علی خامنہ ای کا جسم ہم سے جدا ہوچکا ہے لیکن اُن کی روح، اُن کی تعلیمات اور راستہ زندہ ہے۔ آئیے! پوری دنیا کے اندر استکبار اور سرمایہ دارانہ نظام کے مقابلہ میں ہاتھ میں ہاتھ دے کر، کندھے سے کندھا ملا کر تمام اُمتِ اسلامی چاہے اُس کا تعلق کسی بھی مسلک، مشرب، گروہ یا پارٹی سے ہو، مل کر قرآن کی تعلیمات کے سائے میں اس عظیم رہبر کو خراجِ تحسین پیش کریں اور اُمت کی یک جہتی کا پیغام لے کر مینارِ پاکستان پر حاضر ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ تمام مسلمان شیعہ سنی بھائی اور اہلِ درد افراد اِس عظیم اجتماع میں شہید رہبرِ معظم اور ملتِ ایران سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مینارِ پاکستان کی طرف سفر کریں گے اور کانفرنس کو کامیاب بنائیں گے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha